15 جون 2009 - 19:30

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نوازشریف کی اسامہ بن لادن سے ہونے والی ملاقاتوں کا انتظام آئی ایس آئی کرتی رہی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نوازشریف کی اسامہ بن لادن سے ہونے والی ملاقاتیں ذاتی حیثیت میں نہیں بلکہ ان کا انتظام آئی ایس آئی خود کرتی رہی ہے‘تمام ملاقاتوں میں آئی ایس آئی کے لوگ بھی شریک ہوتے تھے۔یہ انکشاف (ن) لیگ کے دور میں بطور چیئر مین خارجہ امور کمیٹی کام کرنے والے میاں عبدالوحید نے گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں کے اعزاز میں دی جانے والی عید ملن پارٹی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ میاں عبدالوحید نے کہا کہ نوازشریف طالبان کے انتہائی قریبی رہے اور ان کی مختلف طریقوں سے مدد بھی کرتے تھے اور میں سمجھتا ہوں کہ اگر پاکستان میں انتہا پسند قوتیں مضبوط ہوئی ہیں تو ان کے ذمہ دار بھی نوازشریف ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے اپنے دور حکومت میں ملک کی خارجہ پالیسی کے بارے میں کبھی ہماری کمیٹی سے کوئی صلاح مشورہ کیا اور نہ ہی پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا گیا وہ شروع دن سے خود ہی فیصلے کرنے کے عادی ہیں۔